کراچی میں ایک ہی دن میں 2 مختلف مقامات پر بینک میں رقم جمع کرانے کے لیے جانے والے پیٹرول پمپ کے عملے سے ایک کروڑ روپے کے قریب کیش چھین لیا گیا۔
پولیس کے مطابق سائٹ ایریا،میٹروویل میں پیٹرول پمپ کے کیشیئر سے نجی بینک کے باہر 65 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے جب کہ اورنگی ٹاؤن پاکستان بازار میں بھی ملزمان پیٹرول پمپ کے کیشیئر سے 30 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق میٹروویل میں پیٹرول پمپ کے عملے سے نجی بینک کے باہر ڈکیتی کا مقدمہ سائٹ اے تھانے میں درج کرلیا گیا،ڈکیتی کا مقدمہ پیٹرول پمپ کے مالک کی مدعیت میں درج کیا گیا، ابتدائی طور پر لوٹی گئی رقم 80 لاکھ بتائی گئی لیکن رقم 65 لاکھ ہے۔
پیٹرول پمپ کے مالک نے مقدمے کے متن میں بتایا کہ میں اپنے پمپ سے 65 لاکھ روپے گاڑی میں لے کر ہیڈ کیشیئر کے ساتھ بینک میں جمع کرانے کے لیے نکلا، پمپ کا ہیڈ کیشیئر گاڑی سے رقم لے کر باہر نکلا تو موٹرسائیکل سوار 2 ڈاکو پہنچ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اسلحہ کے زور پر کیشیئر سے کیش چھینا اور فرار ہوگئے، پمپ کے عملے سے بھی پوچھ گچھ کی ہے اور پمپ کے کیشیئر کو شامل تفتیش کیا ہوا ہے۔
دوسری جانب پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن پاکستان بازار تھانے کی حدود میں بھی ملزمان پیٹرول پمپ کے کیشیئر سے 30 لاکھ روپے لوٹ کے فرار ہوگئے، پیٹرول پمپ کا کیشیئر رقم بینک میں جمع کروانے جارہا تھا اور رقم تھیلیوں میں موجود تھی۔