Skip to content
پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں راشد منہاس روڈ پر واقع شاپنگ مال میں آتشزدگی کے نتیجے میں کم سے کم 11 افراد ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ شرقی نے کو بتایا کہ جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب راشد منہاس روڈ پر واقع کثیر المنزلہ عمارت آر جے مال میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔
کراچی فائر بریگیڈ کنٹرول روم کے مطابق شاپنگ مال میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ’واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو کے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچے اور آپریشن کا آغاز کیا۔‘
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 50 افراد کو عمارت سے بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
جناح ہسپتال میں شعبہ حادثات کی ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر نوشین رؤف نے کہا کہ ’تین افراد شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔‘
کراچی محکمہ فائر بریگیڈ کنٹرول روم کے مطابق آگ عمارت کی چھٹی منزل تک پہنچ گئی تھی۔
’آپریشن میں فائر بریگیڈ کی آٹھ گاڑیوں، دو سنارکل اور دو باوزر نے حصہ لیا۔‘ حکام نے کہا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ ابھی تک سامنے نہیں آئی ہے۔