اگر آپ کا کوئی پرانا گوگل اکاؤنٹ ہے جسے آپ نے کئی سالوں سے نہیں چلایا تو ممکن ہے کہ وہ بہت جلد ختم ہوجائے۔
گوگل کا کہنا ہے کہ وہ جمعے سے اپنے غیر فعال اکاؤنٹ کی پالیسی کے تحت ایسے اکاؤنٹس کو بند کر دے گا۔
گوگل اکاؤنٹ ایسا یوزر اکاؤنٹ ہے جس کے ذریعے آپ کو گوگل کے متعدد مصنوعات تک ایک ہی یوزر نیم اور پاس ورڈ سے رسائی مل جاتی ہے، جیسے کہ جی میل، گوگل ایڈز اور یوٹیوب وغیرہ۔
گوگل کا کہنا ہے کہ وہ یہ اقدام سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے اٹھا رہا ہے، ایسے اکاؤنٹس کے ہیک ہو جانے کے امکان زیادہ ہوتے ہیں جن کو صارف بھول چکے ہیں یا استعمال نہیں کرتے۔
گوگل نے مئی میں بتایا تھا کہ ایسے پرانے اکاؤنٹس کی سکیورٹی کمزور ہوتی ہے کیونکہ ان کے لیے ایسے پاس ورڈز استعمال کیے جاتے ہیں جو پہلے سے استعمال شدہ ہوں یا وہ پرانے ہوتے ہیں اور ان میں ’ٹو فیکٹر اوتھینٹیکیشن‘ کا فیچر فعال نہیں ہوتا۔
ملٹی فیکٹر ویریفیکیشن یا ٹو سٹیپ اوتھینٹیکیشن ایک ایسا فیچر ہے جس کے تحت کسی کمپیوٹر صارف کو دو یا اس سے زیادہ ثبوت فراہم کرنے کے بعد ہی اس ویب سائٹ یا پلیٹ فارم تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔
ایک دفعہ اگر کسی کے اکاؤنٹ تک کسی دوسر کو رسائی مل جائے تو اس کا کسی بھی چیز کے لیے استعمال ہو سکتا ہے، شناخت کی چوری سے لے کر اسے بدنیتی پر مبنی مواد اور سپیم کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اس غیر فعال ای میل اکاؤنٹ کو کھول کر اس سے ایک ای میل کرنے سے آپ کا اکاؤنٹ بچ سکتا ہے۔