برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا میں 29 نومبر کو 70 سالہ خاتون سفینا کے ہاں آئی وی ایف طریقہ علاج کے تحت جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔
ہسپتال حکام کا کہنا ہے کہ سفینا کے ہاں پیدا ہونے والے جڑواں بچوں میں ایک لڑکا اور ایک لڑکی ہے، ماں اور بچے بالکل صحت مند بھی ہیں۔
جڑواں بچوں کو جنم دینے والی معمر ترین خواتین میں سے ایک سفینا نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بچوں کی پیدائش کو ایک معجزہ قرار دیا، دوسری جانب ہسپتال حکام نے سفینا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک طبی کامیابی سے بڑھ کر انسانی جذبے کی طاقت کا نتیجہ ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق سفینا کے ہاں تین سال میں دوسری بار بچوں کی پیدائش ہوئی سے، اس سے قبل 2020 میں بھی وہ ایک بیٹی کو جنم دے چکی ہیں۔
سفینا نے مقامی اخبار سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کا حمل کافی مشکل تھا کیوں کہ جب ان کے پارٹنر کو پتا چلا کہ وہ جڑواں بچوں کو جنم دینے والی ہیں تو وہ ان کو چھوڑ کر چلا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 2019 میں بھارتی ریاست آندھرا پردیش کی رہائشی 73 سالہ خاتون منگایاما یاراماتی نے بھی آئی وی ایف علاج کے بعد جڑواں بچوں کو جنم دیا تھا۔