پیپلزپارٹی کےرہنما شرجیل میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہ دنیا بھرمیں سب کوکلچر ڈےکی مبارکباد پیش کرتاہوں ، ہزاروں سال پرانی سندھ کی ثقافت،پاکستان بنانےکی قرارداد سب سےپہلےصوفیوں کی دھرتی سندھ سےآئی، اس دھرتی نے کبھی نفرت کو قبول نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹوکا کے پی اوربلوچستان کا دورہ کامیاب رہا، چیئرمین بلاول بھٹواپنے دورے جاری رکھیں گے، لو گ اپنی واحد امید پاکستان پیپلز پارٹی کو سمجھتے ہیں۔
شرجیل میمن کاکہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کسی علاقے کی نہیں پاکستان کی جماعت ہے، ہمارا مسلم لیگ ن سے کوئی لڑائی جھگڑا نہیں، مسلم لیگ ن نے لاہور کو ہی پاکستان سمجھ رکھا ہے ، ان کے رہنماؤں کو صرف یہ یاد آتا ہے کہ لاہور میں ترقیاتی کام کئے ،آپ صرف لاہور کی مثال نہ دیں پورے پاکستان میں کیے کاموں کا بتائیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک نعروں ،سیاست اور شوبازی سے ترقی نہیں کرتا، تھر سے کوئلہ نکالنے کا کریڈٹ مسلم لیگ ن کو نہیں پیپلزپارٹی کو جاتا ہے، بینظیر بھٹو نے ملک کو میزائل سسٹم دیا، سی پیک آصف زرداری کا ویژن تھا، ہماری پارٹی نے صوبے کوصحت کی بہترین سہولیات دیں، ہسپتالوں کی جو سہولیات کراچی میں ہیں وہ پورے پاکستان میں نہیں ہیں ، ہماری لیڈر شپ کا علاج پاکستان میں ہی ہوتا ہے۔
پی پی پی رہنما نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے عوام کو صرف جھوٹے نعرے دیئے اور ملک کو تایخی نقصان پہنچایا ، پی ٹی آئی کی لیڈر شپ نے ملک کو تباہی کے دہانے کھڑا کردیا۔
ان کاکہنا تھا کہ اگر دوسری پارٹیوں کی جانب سے بھڑکیں ماری جائیں گی تو جواب دینے کا اختیار ہمیں حاصل ہے، پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ کے پاس اکانومی ٹھیک کرنے کا ویژن موجود ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ سب کو جوڑنا چاہتی ہے، پیپلز پارٹی لڑائی،جھگڑے اورتعصب کی سیاست کودفن کرنا چاہتی ہے۔
شرجیل میمن نے کہاکہ پچھلے سارے مسائل کو بھول کر ایک پاکستان بنانے کیلئے تمام پارٹیوں اور اداروں کو بیٹھنا ہوگا، لوگ ان لڑائی جھگڑوں سے بیزار ہوچکے ہیں۔