گلگت بلتستان کے ضلع چلاس میں کم عمر لڑکے کی شادی کی گئی جس کی عمر صرف 12 سال ہے۔ حق نواز کا تعلق تحصیل داریل کے دور افتادہ گاؤں پھوگچ سے ہے جہاں منگل کو بڑی دھوم دھام کے ساتھ کم سن بچے کی شادی کی تقریب منعقد ہوئی۔ بارات میں دوست احباب کے علاوہ مقامی لوگوں نے بھی شرکت کی۔
بارات کے دن بڑوں کے ہمراہ سکول کے بچے بھی حق نواز کے ساتھ دلہن لینے گئے دلہے کو روایتی ٹوپی کے ساتھ نئے کپڑے اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے، جبکہ دلہن کے گھر پہنچتے ہی ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔
ولیمے کے روز روایتی موسیقی کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں دلہے نے مقامی رقص پیش کیا، مہمانوں نے کم عمر دلہے کو پھولوں کے ہار پہنائے اور پیسے بھی نچھاور کیے۔ والدین نے بیٹے کی شادی کی خوشی میں ولیمے پر مقامی کھانوں کے ساتھ گاؤں کے لوگوں کی خاطر تواضع کی۔ چلاس کے مقامی شہری حشمت خان کے مطابق کم سن لڑکا پرائمری سکول کا طالب علم ہے، جبکہ دلہن کی عمر 13 سال بتائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں کم عمری میں شادی کا رواج آج بھی ہے اور یہ شادی والدین کی مرضی سے ہی ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عموماً لڑکے کی 15 سال تک شادی کروائی جاتی ہے جبکہ کچھ ایک علاقوں میں بچپن میں ہی لڑکی کو کسی کے نام پر کیا جاتا ہے۔ مقامی شہری کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں غربت زیادہ ہے اور شرح تعلیم بھی کم ہے، بیشتر خاندان ذاتی دشمنیوں اور تنازعات میں الجھے ہوئے ہیں اسی لیے چھوٹی عمر میں بیٹوں پر ذمہ داریاں عائد کی جاتی ہیں۔