آٹھ فروری کے انتخابات میں بلوچستان سے کئی نامور سیاسی اور قدآور قبائلی شخصیات بھی حصہ لے رہی ہیں۔ ان میں آٹھ ایسے امیدوار بھی شامل ہیں جو مختلف ادوار میں وزارت اعلٰی کے منصب پر فائز رہ چکے ہیں۔
انتخابی سیاست میں ایک بار پھر اپنی قسمت آزمانے والے سابق وزرائے اعلٰی میں نواب جام کمال خان، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، نواب ثنا اللہ زہری، نواب اسلم رئیسانی، سردار اختر مینگل، عبدالقدوس بزنجو اور میر جان محمد جمالی کے علاوہ سابق نگراں وزیراعلیٰ سردار صالح بھوتانی بھی شامل ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ تمام سابق وزیراعلیٰ صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر امیدوار ہیں تاہم ان میں سے قومی اسمبلی کا انتخاب بھی لڑ رہے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ان سابق وزرائے اعلٰی میں سے بیشتر اپنی نشستیں حاصل کر کے ایک بار پھر وزارت اعلٰی کے لیے مضبوط امیدواروں کے طور پر سامنے آ سکتے ہیں۔