شیراز نے رواں برس جنوری میں یوٹیوب، انسٹاگرام اور فیس بک پر ولاگز بنانا شروع کیے تھے۔ شیراز نے یوٹیوب پر 17 جنوری 2024 کو اپنا پہلا ولاگ اپ لوڈ کیا تھا، جسے اب تک تقریباً 10 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے۔
شیراز نے اپنے چند ہی ولاگز میں نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ دیگر ممالک میں اردو سمجھنے والے افراد کی بھی توجہ حاصل کر لی تھی۔ یوٹیوب پر ان کے سبسکرائبرز کی تعداد 15 لاکھ سے زائد ہو چکی تھی۔
شیراز نے یوٹیوب پر مجموعی طور پر 84 ویڈیوز اپ لوڈ کیں، جن میں سے متعدد ویڈیوز کو لاکھوں بار دیکھا گیا۔ فیس بک پر بھی ان کے 16 لاکھ جبکہ انسٹاگرام پر 21 لاکھ فالوورز ہیں۔
شیراز نے درجنوں ولاگز اپنی چھوٹی بہن مسکان کے ساتھ بھی شیئر کیے، اور دونوں بچوں کو ان کے سادہ انداز اور گلگتی انداز میں بولی جانے والی اردو کی وجہ سے کافی پسند کیا گیا۔
شیراز کے مداحوں کا کہنا ہے کہ وہ ان کی معصومیت اور معیاری مواد کی وجہ سے ان کے ولاگز کو بہت پسند کرتے ہیں۔ ان کے ولاگز میں گلگت بلتستان کی ثقافت اور روزمرہ کی زندگی کی جھلکیاں دیکھنے کو ملتی ہیں، جو لوگوں کو بے حد پسند آئیں۔
شیراز کی والدہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ولاگز بند کرنے کا فیصلہ پڑھائی پر توجہ دینے کے لیے کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شیراز کے لیے تعلیم سب سے اہم ہے اور وہ مستقبل میں بہتر مواقع کے لیے خود کو تیار کرنا چاہتے ہیں۔
مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیراز کے فیصلے کے احترام اور ان کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ تاہم، بہت سے لوگ یہ بھی امید کر رہے ہیں کہ شیراز مستقبل میں دوبارہ ولاگز بنانا شروع کریں گے۔