اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہزارہ ایکسپریس واقعے کے بعد فیک نیوز چلائی گئیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہزارہ ٹرین حادثے میں 30 مسافر جاں بھق جبکہ درجنوں زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کر کے طبی امداد دی جارہی ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ تمام ٹی وی چینلز نے ریلوے حادثے کے بارے میں جعلی خبریں چلائیں، فش پلیٹ کا سلاری ریل حادثہ سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی جائے حادثہ پر پٹڑی پر لکڑی کا کوئی جوڑ لگا ہوا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ حادثے کا شکارریلوے کے 12 میں سے 2 ویل جام تھے، جس کی وجہ سے بوگیاں پٹڑی سے اتریں اور حادثہ رونما ہوا۔
مزید پڑھیں: ہزارہ ایکسپریس ٹرین حادثہ؛ ریلوے کے 6 افسران اور اہلکار معطل
خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ حادثے کے ذمہ دار 6 افراد کو معطل کیا گیا جبکہ واقعے میں تخریب کاری کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریلوے کو چلانا ہے تو اس پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ یہ حادثہ سیلابی علاقے میں ہوا، کوٹری سے روہڑی کا ٹریک ہمارے لیے درد سر بن چکا ہے، اس کو درست کرنے کے لیے 14 ارب دے دیے جائیں تو روٹ محفوظ ہوجائے گا۔