اسلام آباد: وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہےکہ روسی تیل سے عوام کو ابھی فائدہ نہیں پہنچا تاہم آنے والے دنوں میں پہنچے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ بطور وزیر مملکت پیٹرولیم وزیر نے میری بہت سپورٹ کی، 14ماہ میں سسٹم میں16 کروڑ 40 لاکھ مکعب فٹ گیس یومیہ شامل کی جب کہ 13کروڑ 20 لاکھ مکعب فٹ یومیہ گیس مزید 6 ماہ میں شامل ہوجائےگی۔
انہوں نے کہا کہ آذربائیجان سے ہر ماہ ایک ایل این جی کارگو آیا کرے گا، ہماری مرضی ہوئی ہر ماہ لیں یا نہ لیں، ایل این جی کارگو مہنگا ہونے پر اس کارگوکو ترک کر سکتے ہیں۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ تیل اور گیس کی تلاش کے لیے نئے بلاکس کی بولیاں کرائیں گے، ملک میں ٹائیٹ گیس کی پالیسی بھی لارہے ہیں، مشرق وسطیٰ کے ایک ملک کی مدد سے 12 ارب ڈالر تک لاگت سےریفائنری لگے گی جب کہ روسی تیل سے ابھی عوام کو فائدہ نہیں پہنچا آنے والے دنوں میں پہنچے گا۔
مصدق ملک نے مزید کہا کہ ایران پاکستان گیس لائن منصوبے پرپاکستان پرجرمانےکی خبریں درست نہیں، پاکستان نے عالمی پابندیوں کے باعث جرمانےکامسئلہ 10 سال قبل ہی حل کرلیا تھا، پابندیاں عائد ہوئے بغیر مسئلے کا حل چاہتے ہیں، ہم ایران پاکستان منصوبے کاحل چاہتےہیں، اس منصوبے پر ایرانی سفیر سے بات چیت کر رہے ہیں، پاکستان کو توانائی کی ضرورت ہے۔