برمنگھم( ڈیلی پاکستان آن لائن )برمنگھم میں شروع ہونے والے ورلڈ بلائنڈ گیمز میں کرکٹ کے مقابلوں میں پاکستان نے شاندار فتح سے آغاز کیا ہے ۔ گرین شرٹس نے روایتی حریف بھارت کو 18 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی کامیابی کا بگل بجا دیا ہے ۔
"جنگ ” کے مطابق کنگ ایڈورڈ سکول گراؤنڈ برمنگھم میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 187 رنز بنا کر بھارت کو بڑا ہدف دیا۔پاکستان کے محمد سلمان نے 50 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ نثار علی نے 46 اور بدر منیر نے 37 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے اے کے ریڈی نے اچھی باؤلنگ کی اور 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،این بادا نائیک نے 3 وکٹیں لیں۔گرین شرٹس کے سکور کےجواب میں بھارت کی ٹیم 7 وکٹ پر 169 رنز بناسکی، سنیل رمیش نے 62 اور دمبا راو تومپاکی نے 40 رنز بنائے۔میچ کا ٹرننگ پوائنٹ یہ رہا کہ بھارت کے 5 کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے جبکہ پاکستان کے مطیع اللّٰہ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایونٹ میں پاکستان اگلا میچ منگل کو بنگلادیش کے خلاف کھیلے گا۔