ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار المعروف ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ عامر خان نے نوجوانوں کیلیے ایک ایسا پلیٹ فارم بنانے کا ارادہ باندھ لیا جہاں وہ ان کے کام کو دنیا کے سامنے پیش کر سکیں گے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق عامر خان نے حال ہی میں ایک کتاب کی تقریبِ رونمائی میں شرکت کی جہاں انہوں نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کے بارے میں اپنے خیال کا اظہار کیا۔
عامر خان نے تقریب میں کہا کہ میں اس وقت فیملی کے ساتھ زندگی کا لطف اُٹھا رہا ہوں اور بچوں میں وقت گزار رہا ہوں، والدہ کے ہمراہ گھر پر ہوں اور پروڈکشن ہاؤس پر بھی توجہ دے رہا ہوں۔
اداکار نے کہا کہ پہلے ہم نے بہت کم فلمیں پروڈیوس کیں لیکن اب زیادہ سے زیادہ فلمیں بنانے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ارادہ ہے پروڈکشن ہاؤس کی طرح نوجوانوں کیلیے کوئی ایسا پلیٹ فارم بنا سکوں جس کے ذریعے ان کا کام دنیا تک پہنچ سکے۔
’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ نے کہا کہ میں نے اس بارے میں تھوڑا وقت دیا ہے کہ ہم کوئی سسٹم بنا لیں جہاں زیادہ سے زیادہ فلمیں پروڈیوس کریں، نوجوانوں کیلیے پلیٹ فارم بنانے کیلیے پلاننگ کر رہا ہوں۔
خیال رہے کہ عامر خان آخری بار فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ میں اداکارہ کرینہ کپور کے ساتھ نظر آئے تھے۔ فلم کو بائیکاٹ مہم کی وجہ سے دھچکا پہنچا اور یہ باکس آفس پر بہترین جگہ نہ بنا سکی۔
عامر خان فلمی کی ناکامی کے بعد سے اسکرین سے غائب ہیں اور انہوں نے کچھ عرصے کیلیے فلمی دنیا سے دور رہنے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔