اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز کی عدم پیشی کے باعث عمران خان کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت پیر تک ملتوی کردی۔ 42نیوز
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں بینچ نے عمران خان کی سزا معطلی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ کے معاون وکیل عدالت میں پیش ہوئے جب کہ امجد پرویز بیماری کے باعث پیش نہ ہوسکے۔
امجد پرویز کے معاون وکیل نے عدالت سے کہا کہ پچھلے 8 ماہ سے ہم نے التوا نہیں مانگا، ڈاکٹر نے بیڈ ریسٹ تجویز کیا اور میرا وکالت نامہ اس کیس میں نہیں۔ 42نیوز
اس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ سزا معطلی کی درخواست اب کروشل اسٹیج پر ہے، 15 سے 20 منٹ میں دلائل مکمل ہوجانے تھے، جمعہ کو ڈی بی نہیں تھی، ہم کیس کو پیر تک ملتوی کرسکتے تھے مگر نہیں کیا، ہم بھی ٹرائل کورٹ والا کام کر سکتے ہیں مگر ایسا نہیں کریں گے، ٹرائل کورٹ نے جو کیا وہ غلط کیا، ہم اس کو پیر تک ملتوی کرتے ہیں اور اگر کوئی نا بھی آیا تو فیصلہ کردیں گے۔
اس دوران عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ایک شخص 20 روز سے جیل میں ہے، پھر چیئرمین پی ٹی آئی کو مزید تین دن اندر رکھیں گے؟ پھر ہم عدالت میں پیش نہیں ہوں گے، آپ نے جو کرنا ہے کریں۔ 42نیوز
بعد ازاں عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ کی التوا کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کردی۔