اسلام آباد: (42 نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری چاہتے ہیں۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ہارورڈ یونیورسٹی کے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا امریکا کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعلق ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ملکوں میں مختلف امور پر اتفاق اور اختلاف بھی رہتا ہے، ہم منفی توانائیوں پر یقین نہیں رکھتے۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تباہی سے زیادہ متاثر ہوا ہے، پاکستان میں مسئلہ زیادہ اخراجات اور کم وسائل ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوری عمل تسلسل سے جاری ہے، گزشتہ 15 سالوں میں 3 اسمبلیوں نے اپنی مدت پوری کی، حکومت کی تبدیلی آئینی طریقے سے عمل میں آئی، جمہوری عمل کا ارتقا ہو رہا ہے، حکومت تبدیلی کا آئینی طریقہ موجود ہے۔ (42 نیوز)
ان کا مزید کہنا تھا کہ جمہوریت ہی پارلیمنٹ کی مضبوطی کی ضامن ہے، پاکستان کےعوام میں بحرانوں سے نکلنے کی صلاحیت ہے، پاکستانی ڈاکٹرز اپنی مہارت کی وجہ سے دنیا میں جانے جاتے ہیں۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ ملکر پاکستان نے طویل جنگ لڑی ہے، ہم نے مل کرعالمی امن کے لیے بہت اہم کردارادا کیا ہے۔
ہارورڈ یونیورسٹی کے طلباء کی آرمی چیف سے ملاقات
یاد رہے کہ گزشتہ روز ہارورڈ یونیورسٹی کے طلباء کے گروپ نے جی ایچ کیو کا بھی دورہ کیا تھا اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی تھی۔ (42 نیوز)
آئی ایس پی آر کے مطابق ہارورڈ یونیورسٹی کے گروپ میں 9 ممالک سے تعلق رکھنے والے 38 طلباء شامل تھے۔
اس موقع پر آرمی چیف نے علاقائی صورتحال اور خطے میں امن کے لیے پاک فوج کے کردار پر روشنی ڈالی تھی، آرمی چیف نے بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور آبادیاتی حقائق تبدیل کرنے کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی تھی۔