پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سعودی سفیر نے پیر کو وزیراعظم ہاؤس میں نگراں وزیراعظم سے ملاقات کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ نگراں وزیراعظم نے غزہ کی صورتحال پر بات چیت کے لیے رواں ماہ کے آغاز میں او آئی سی کے غیرمعمولی سربراہی اجلاس کی میزبانی کرنے پر سعودی قیادت کی تعریف کی۔
انہوں نے عرب اور اسلامی ممالک کے درمیان تاریخی اتفاق رائے پیدا کرنے میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے کردار کو سراہا۔
انوار الحق کاکڑ نے غزہ میں تشدد کے خاتمے اور بے گناہ فلسطینیوں پر اسرائیل کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کو روکنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔