چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے بدھ کو واشنگٹن میں اپنے دورے کا آغاز پینٹاگون میں امریکی وزیر دفاع سے ملاقات سے کیا جس میں علاقائی سلامتی کی پیش رفت کے ساتھ ساتھ دو طرفہ دفاعی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق جنرل عاصم منیر نومبر 2022 میں آرمی چیف بننے کے بعد امریکہ کے اپنے پہلے سرکاری دورے پر اتوار کو اسلام آباد سے روانہ ہوئے۔ وہ دو دن برطانیہ میں گزارنے کے بعد منگل کی سہ پہر امریکی دارالحکومت پہنچے۔
امریکہ نے کئی دہائیوں کے دوران پاکستانی فوج کے سربراہوں کے ساتھ علاقائی استحکام سے لے کر عسکریت پسندی سے لڑنے اور افغانستان میں جنگ تک کے معاملات پر مل کر کام کیا ہے۔ آرمی چیف کے دورے کے دوران بھی غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف پاکستان کی جاری ملک بدری کی مہم یقینی طور پر بات چیت کا مرکز بنے گی۔