لاہور محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب نے نجی و سرکاری سکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا، اسکولوں میں چھٹیاں 20 دسمبر 2024 سے شروع ہوں گی اور13 جنوری 2025 کو دوبارہ سکول کھل جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب نے نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے تحت 20 دسمبر بروز جمعے کو سکولوں میں موسم سرما کی چھٹیاں شروع ہوں گی اور بروز جمعہ 10 جنوری 2025 تک صوبے میں تمام سکول بند رہیں گے، ہفتہ اور اتوار کی چھٹی کے باعث 13 جنوری بروز سوموار کو دوبارہ سکول کھلیں گے۔اسی طرح وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے بھی اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سکولوں میں موسم سرما کی چھٹیاں 20 دسمبر سے شروع ہوں گی۔
مزید برآں خیبرپختونخواہ کے اسکولوں کیلئے بھی موسم سرما کی طویل تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ہے، صوبے کے پہاڑی علاقوں میں واقع اسکول 2 ماہ سے زائد عرصہ کیلئے بند رہیں گے، تعطیلات کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔جاری اعلامیہ کے مطابق میدانی علاقوں میں سکول 22 سے31 دسمبرتک بند رہیں گے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق پہاڑی علاقوں میں سکول 22 دسمبر سے 28 فروری تک بند ہوں گے۔ محکمہ تعلیم خیبرپختونخواہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق فیصلہ تمام سرکاری اور نجی سکولوں پر لاگو ہوگا۔ اس سے قبل بلوچستان کے اسکولوں کیلئے بھی موسم سرما کی طویل تعطیلات کا اعلان کیا جا چکا۔محکمہ تعلیم بلوچستان نے سرد علاقوں کے سکولوں میں ڈھائی ماہ کی تعطیلات کا اعلان کردیا۔ سیکرٹری محکمہ سکول ایجو کیشن کے جاری کر دہ اعلامیہ کے مطابق محکمہ تعلیم بلوچستان نے صوبے کے سرد علاقوں کے سکولوں میں طویل تعطیلات کا اعلان کر تے ہوئے 16 دسمبر 2024 تا28 فروری 2025 جبکہ گرم علاقوں میں 22دسمبر تا31دسمبر 2024 تک اسکولز بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔ واضح رہے کہ بلوچستان، خیبرپختونخواہ اور پنجاب کے ایسے پہاڑی علاقے جہاں شدید سردی پڑتی ہے، ان علاقوں کے تعلیمی اداروں میں ڈھائی سے 3 ماہ تک کی موسم سرما کی تعطیلات دی جاتی ہیں۔ جبکہ میدانی علاقوں کے سکولوں میں موسم سرما کی ڈھائی سے 2 ہفتوں تک کی تعطیلات دی جاتی ہیں۔