اسلام آباد وفاقی حکومت نے آئندہ 15 روز کیلئے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے جس کے تحت آئندہ 15 روز کیلئے بھی صارفین کو پٹرول 252 روپے 10 پیسے فی لٹر کے ریٹ پر ہی ملے گا، تاہم ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 5 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے جس کے نتیجے میں ملک میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 255 روپے 38 پیسے فی لٹر مقرر کردی گئی۔وزارت خزانہ کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ 15 روز کے لیے لائٹ ڈیزل کی قیمت بھی کم ہوئی ہے، جس کے نرخ 2 روپے 78 پیسے فی لٹر کم ہونے کے بعد 148 روپے 95 پیسے فی لٹر مقرر ہوئے ہیں، اسی طرح مٹی کا تیل بھی سستا ہوا ہے جس کی قیمت 3 روپے 32 پیسے فی لٹر کم کی گئی ہے اور اب ملک میں اگلے 15 روز کے لیے مٹی کا تیل 161 روپے 66 پیسے فی لٹر کی قیمت میں دستیاب ہوگا۔