سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) نے مردم شماری کی منظوری دی تو عام انتخابات کم از کم 15 فروری 2024 تک جائیں گے۔
ڈیجیٹل مردم شماری 2023 کے نتائج کی منظوری کیلئے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس کل 5 اگست کو طلب کر لیا گیا ہے۔
اس حوالے سے سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد کا کہنا تھاکہ سی سی آئی نے مردم شماری کی منظوری دی تو عام انتخابات کم از کم 15 فروری 2024 تک جائیں گے۔
انہوں نے بتایاکہ نئی مردم شماری کا گزٹ نوٹیفکیشن ہونے کی صورت میں الیکشن کمیشن قانونی طور پر از سر نو حلقہ بندیاں کرانے کا پابند ہے جس کیلئے الیکشن کمیشن کو 3 ماہ کی آئینی مدت کے علاوہ اضافی تین ماہ درکار ہوں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اتحادیوں کے عشائیے میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھاکہ قومی اسمبلی توڑنےکی سمری 9 اگست کو صدر کو بھیج دیں گے۔