کراچی: لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں بیوی نے بیٹی اور بھائی کے ساتھ مل کر شوہر کو بے دردی سے قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق لیاری کلاکوٹ میں 3 روز قبل ملنے والی لاش کی شناخت 60 سالہ اسلم کے نام سے ہوئی ہے، مقتول کو اس کی بیوی، بیٹی اور سالے نے بے دردی سے قتل کیا۔
پولیس نے اسلم کے قتل کے کیس میں اس کی بیوی سیما، بیٹی امبر اور سالے فیصل کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق مبینہ طور پر ملزمان نے اسلم کو تیز دھار آلے کے ساتھ انتہائی سفاکی اور بے دردی سے قتل کیا جس کے بعد لاش کے ٹکڑے ٹکڑے کردیے، ملزمان نے اسلم کی لاش کے ٹکڑے تیزاب میں ڈال کرختم کرنے کی بھی کوشش کی۔
پولیس نے بتایا کہ اسلم کے قتل کی وجہ ملزمہ سیما اور مقتول اسلم کا بیٹی کے رشتے پر تنازع تھا، اسلم اپنی بیٹی امبر کا رشتہ طے کرچکا تھا، ملزمہ سیما اپنی بیٹی کا رشتہ اسلم کی پسند سے کرانے کے بجائے کسی امیر شخص سے کرانے کی خواہش مند تھی۔
پولیس کے مطابق اسلم کی سیما سے دوسری شادی تھی جس سے 3 بیٹیاں بھی ہیں، پہلی بیوی سے اسلم کے 11 بچے ہیں جو اولڈ گولیمار میں رہائش پذیر ہیں۔
اسلم کے قتل کا مقدمہ اس کے بھائی اعجاز کی مدعیت میں کلاکوٹ تھانے میں درج ہے۔