بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور دنیا کے جانے مانے بلے باز ویرات کوہلی نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ پر کمائی جانے والی رقم سے متعلق رپورٹ پر ردعمل دیا ہے۔
سوشل میڈیا مارکیٹینگ سلوشن پلیٹ فارم نے سوشل میڈیا پوسٹ سے سب سے زیادہ کمانے والے دنیاکے پانچ ٹاپ اسپورٹس اسٹار سے متعلق اعداد و شمار جاری کیے، ایتھلیٹس کی فہرست انسٹاگرام کی ایک پوسٹ کے معاوضے کی بنیاد پر بنائی گئی۔
رپورٹ کے مطابق پرتگال کے فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے سب سے زیادہ پیسے لینے والے ایتھلیٹ ہیں، اس فہرست میں ورلڈ کپ ونر کپتان ارجنٹینا کے لیونل میسی کا دوسرا نمبر ہے۔
بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی کا سب سے زیادہ کمانے والے ایتھلیٹس میں تیسرا نمبر ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کرسٹیانو رونالڈو کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر 59 کروڑ 68 لاکھ 48 ہزار سے زائد فالوورز ہیں، رونالڈ ایک پوسٹ کے 32 لاکھ 34 ہزار ڈالرز لیتے ہیں۔
لیونل میسی کے فالورز 47 کروڑ 92 لاکھ 68 ہزار سے زائد ہیں، اور میسی ایک پوسٹ کے 25 لاکھ 97 ہزار ڈالرز لیتے ہیں۔
بات کی جائے ویرات کوہلی کی تو ان کے انسٹاگرام پر 25 کروڑ سے زائد فالوورز ہیں، رپورٹ کے مطابق کوہلی ایک پوسٹ کے 13 لاکھ 84 ہزار ڈالرز لیتے ہیں، بھارتی روپوں میں وہ ایک پوسٹ کے 11.45 کروڑ لیتے ہیں۔
رچ لسٹ میں برازیل کے نیمار جونیئر کا چوتھا نمبر ہے، جو کہ 11 لاکھ 42 ہزار ڈالرز ایک پوسٹ کے لیتے ہیں، پانچویں نمبر پر این بی اے سپر سٹار لیبرون جیمز ہیں۔
لیبرون جیمز ایک پوسٹ کے 8 لاکھ 51 ہزار ڈالرز لیتے
سوشل میڈیا سمیت بھارتی میڈیا پر گردش کرتی اس رپورٹ کو کوہلی نے مسترد کردیا۔
انہوں نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا کہ میں نے جو کچھ بھی کمایا اس پر شکرگزار ہوں۔
بھارتی کے سابق کپتان نے کہا کہ میری کمائی کے بارے میں سوشل میڈیا پر چلنے والی خبر درست نہیں ہے۔