پاکستان کے محمد آصف نے پروفیشنل اسنوکر ٹورنامنٹ برٹش اوپن کے کوالیفائنگ ڈرا میں7 مرتبہ کے عالمی چیمپئن اور سابق ورلڈ نمبر ون اسٹیفن ہینڈری کو شکست دے کر مین راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا ۔
کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے سابق ایمچر چیمپئن محمد آصف اور سات مرتبہ کے پروفیشنل اسنوکر چیمپئن اسٹیفین ہینڈری کے درمیان مقابلہ تھا۔
ہینڈری نے پہلا فریم 73 کا بریک کھیلتے ہوئے باآسانی 6-92 سے جیتا لیکن اگلے تین فریمز 11-85، 41-63 اور 41-58 کے اسکور کے ساتھ آصف کے نام رہے، یوں پاکستانی پلیئر نے تین ۔ ایک کی برتری حاصل کرلی۔
پانچویں فریم میں ہینڈری نے کم بیک کیا لیکن چھٹے فریم میں آصف نے 66 کا بریک کھیلتے ہوئے 30-67 سے کامیابی سمیٹ کر مقابلہ چار ۔ دو سے اپنے نام کیا۔
64 کھلاڑیوں کے مین ڈراز میں جگہ بناکر آصف نے 3 ہزار پاؤنڈز کی انعامی رقم یقینی بنالی ہے۔
پاکستان کے اسجد اقبال بھی کوالیفائنگ راؤنڈ میں شریک ہیں، وہ بدھ کو چین کے تیان بینگ فائی سے مقابلہ کریں گے ۔