پاکستانی اداکار عمران اشرف کی سابقہ اہلیہ ماڈل و اداکارہ کرن اشفاق کا کہنا ہے کہ نکاح والی رات ہی سوشل میڈیا سے ان کی شادی سے پہلے کی تصویریں حذف کروادی گئی تھیں۔
حال ہی میں کرن نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سوال و جواب کا ایک سیشن رکھا جس میں ان سے سوشل میڈیا صارفین نے مختلف سوالات کیے، کچھ مداحوں نے ان سے انتہائی ذاتی نوعیت کے سوالات بھی کیے جن کا کرن اشفاق نے بھرپور جواب دیا۔
کچھ سوالات اور ان کے جواب سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئے، ایک مداح نے کرن سے پوچھا کہ آپ نے شادی سے پہلے کی تصاویر ڈیلیٹ کیوں کر دیں؟ اس پر عمران اشرف کی سابقہ اہلیہ نے بتایا کہ نکاح کی رات ہی ان کی شادی سے پہلے کی تمام تصاویر ڈیلیٹ کروا دی گئی تھیں۔
ایک اور صارف نے اداکارہ سے دوسری شادی سے متعلق سوال بھی کیا جس پر کرن نے کہا جب اللہ کو منظور ہو اور ابو کو ان کی مرضی کا لڑکا ملے۔
ایک اور صارف نے کہا آپ نے انسٹاگرام پر اب تک عمران اشرف کو فالو کیا ہوا ہے؟جواب میں کرن بولیں کیونکہ طلاق کے کاغذات پر یہ نہیں لکھا تھا کہ ان فالو کرکے بلاک کرنا ہے۔
ایک صارف نے کہا کہ مجھے بے صبری سے انتظار ہے کہ آپ کب مذاق رات (جس کی میزبانی کرن کے سابق شوہر اداکار عمران اشرف کررہے ہیں) میں بطور مہمان جائیں گی، کرن نے جواب دیا میری زندگی کا پہلے ہی بڑا مذاق بنا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی کرن اشفاق سوشل میڈیا پر سوالات اور جواب کے سیشن کے دوران یہ انکشاف کر چکی ہیں کہ انہوں نے عمران اشرف سے طلاق لی نہیں ہے بلکہ انہیں طلاق دی گئی ہے۔
اداکار عمران اشرف اور ماڈل کرن اشفاق نے 2018 میں شادی کی تھی اور اِن دونوں کا ایک بیٹا ’روہم‘ بھی ہے جس کی پرورش دونوں مل کر کر رہے ہیں، جوڑے کی طلاق گزشتہ برس ہوئی تھی۔