سنی دیول کی فلم غدر 2 نے گذشتہ نو دنوں سے باکس آفس پر دھوم مچا رکھی ہے۔ اس نے اب تک 300 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی ہے۔
15 اگست 2023 انڈیا کا یوم آزادی تھا اور یہ غدر 2 کی ریلیز کے بعد پانچواں دن تھا۔ اس دن غدر 2 نے ریکارڈ کمائی کی۔ غدر2 نے اس ایک دن میں 55.40 کروڑ روپے کمائے۔
فلمی نقاد ترن آدرش نے ٹویٹ کیا کہ ’15 اگست کو اس فلم نے کمائی کے تمام سابقہ ریکارڈز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تاریخ رقم کی۔
’11 اگست کو 40.10 کروڑ، 12 اگست کو 43.08 کروڑ، 13 اگست کو 51.70 کروڑ، 14 اگست کو 38.70 کروڑ روپے کی کمائی کی اور 15 اگست کو 55.40 کروڑ روپے۔‘
انھوں نے لکھا کہ ’15 اگست کو صورتحال یہ تھی کہ ٹکٹ نہ صرف سنگل سکرینز پر بلکہ ملٹی پلیکس میں بھی دستیاب نہیں تھے۔‘
اب اس نے ایک اور بڑا ریکارڈ بنا لیا ہے۔ فلم کی کمائی کا ہندسہ سنیچر کو 300 کروڑ روپے سے تجاوز کر گیا ہے اور اس کے ساتھ ہی یہ سب سے کم وقت میں 300 کروڑ روپے کمانے والی فلم بن گئی ہے۔
فلم ناقدین نے پیش گوئی کی ہے کہ اس ہفتے کے آخر تک اس کا بزنس 400 کروڑ روپے تک پہنچ جائے گا۔
انیل شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 2001 کی بلاک بسٹر فلم ’غدر: ایک پریم کتھا‘ کا سیکوئل ہے۔
ایسا کم ہی دیکھا گیا ہے کہ کوئی سیکوئل دو دہائیوں بعد بھی اپنا پرانا کرشمہ برقرار رکھے۔ فلم ناقد ترن آدرش نے غدر 2 کی ریلیز کے دن اسے ساڑھے چار ریٹنگ دی تھی اور ایک لفظ میں اسے بلاک بسٹر تک بتا دیا تھا۔
فلم عاشقی کا سیکوئل بھی 23 سال بعد سلور سکرین پر آیا تھا اور 2013 میں اس نے 100 کروڑ روپے کمائے تھے۔
غدر2 کے فلم سازوں کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پنجاب جیسے صوبے میں کسی بھی ہندی فلم کے لیے اس فلم کا کلیکشن ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا ہے۔
خاتون فلم نقاد بھارتی دوبے بی بی سی کے مدھوپال کو سنی دیول کی غدر 2 کی کامیابی کی ایک بڑی وجہ قوم پرستی بتاتی ہیں۔
وہ کہتی ہیں کہ ’ہم جس دور میں رہ رہے ہیں وہ قوم پرستی کا ہے۔ سنی نے بھی اس فلم کی زبردست تشہیر کی ہے۔‘
’یوم آزادی سے عین قبل ریلیز ہونا اس کے ہٹ ہونے کی ایک بڑی وجہ ہے۔ فلم قوم پرستی کو بھڑکاتی ہے۔ فلم کی ٹائمنگ اور اس کے گانے بہترین ہیں۔‘
وہ کہتی ہیں کہ سنی نے واپسی کی ہے۔ ’سنی دیول کی عمر 66 سال ہے، وہ ایک سینیئر سٹیزن ہیں اور یہ کہا جا سکتا ہے کہ انھوں نے بڑی واپسی کی ہے۔‘
دوسری جانب فلمی نقاد گریش وانکھیڈے بی بی سی کے ساتھی مدھو پال کو بتاتے ہیں کہ ’15 اگست کے دن لوگوں میں حب الوطنی کے جذبات بھرے ہوتے ہیں۔
’اس فلم میں والدین اور پاکستان وہ تمام مصالحہ ہے جو کہ ایک ہٹ فارمولا بھی ہے۔‘
وہ کہتے ہیں کہ ’انڈین ناظرین کے ساتھ اس کا جذباتی تعلق زبردست ہے۔ یہ بہت بڑی بات ہے کہ ہر انڈین کا دل فلم سے جڑ گیا ہے چاہے وہ ہندو ہو یا مسلمان۔
’سنی دیول کا تصور مذہب سے بالاتر ہے، یہ بڑی بات ہے۔ کوئی اور اداکار اس دائرے میں نہیں آتا۔