سیالکوٹ میں کچھ روز پہلے حاملہ خاتون کے قتل کی ہولناک تفصیلات سامنے آگئیں۔
پولیس حراست میں ملزمان خواتین نے سارا واقعہ بتاتے ہوئے کہا کہ مقتولہ رافعہ کو جوس میں بے ہوشی کی گولیاں ڈال کر پلائیں جب رافعہ بے ہوش ہوگئی تو اسے قتل کردیا گیا۔
ملزمان کے مطابق بچہ حاصل کرنے کے لیے خاتون کا پیٹ چاک کرکے بچہ نکالا گیا لیکن بچہ بھی اسپتال لے جاتے ہوئے جان سے گیا۔
خاتون کی لاش صندوق میں چھپائی گئی تھی اور سزا سے بچنے کے لیے گرفتار سفاک خواتین ایک دوسرے پر ذمے داری ڈالنے لگیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ضلع سیالکوٹ کے علاقے سمبڑیال میں خاتون نے بے اولاد بیٹی کے لیے بچہ حاصل کرنے کے لیے دوسری حاملہ خاتون کو قتل کیا تھا۔
پولیس کے مطابق ایک حاملہ خاتون اتائی ڈاکٹر کے پاس انجیکشن لگوانےگئی تھی جہاں پر موجود دوسری خاتون نے اتائی کے ساتھ مل کر حاملہ خاتون کو قتل کردیا اور اس کا پیٹ چاک کرکے بچہ نکال لیا جو کہ انتقال کرگیا۔
بعد ازاں پولیس نے ملزمہ، اتائی اور اس کی بیوی کو حراست میں لےلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمہ خاتون اپنی بے اولاد بیٹی کے لیے بچہ حاصل کرنا چاہتی تھی، ملزمہ نے حاملہ خاتون کی لاش صندوق میں چھپادی تھی اور محلےکے لڑکوں کی مدد سے صندوق کو ملزمہ نے اپنےگھر منتقل کیا۔