پٹنہ بھارتی ریاست بہار کے ضلع مظفرپور میں نویں جماعت کے طالبعلم سیف علی نے اپنے بینک اکاؤنٹ کا بیلنس چیک کیا تو وہ لمحاتی طور پر کروڑ پتی بن گیا لیکن یہ خوش قسمتی صرف پانچ گھنٹوں کے لیے رہی۔
نیوز 18 کے مطابق چندن پٹی، سکرا بلاک کے رہائشی سیف علی ایک مقامی سائبر کیفے میں اپنے ذاتی کام کے لیے گئے تھے، جہاں انہوں نے اپنے بینک اکاؤنٹ سے 500 روپے نکالنے کا ارادہ کیا۔ لیکن جب انہوں نے سکرین پر بیلنس دیکھا تو وہ حیرت زدہ رہ گئے۔ ان کے اکاؤنٹ میں 87 کروڑ 65 لاکھ روپے کی خطیر رقم نظر آ رہی تھی۔
سیف اور کیفے کا مالک دونوں پہلے تو چونک گئے اور اسے غلطی سمجھا۔ تصدیق کے لیے بیلنس دوبارہ چیک کیا لیکن وہی رقم نظر آئی۔ اس حیران کن صورتحال پر سیف فوراً گھر پہنچے اور اپنی والدہ کو اس بارے میں بتایا۔
سیف کی والدہ نے گاؤں کے ایک لڑکے کو اس معاملے سے آگاہ کیا، جو بینک کے کسٹمر سروس پوائنٹ پر سٹیٹمنٹ لینے گیا۔ وہاں پتا چلا کہ رقم اکاؤنٹ سے غائب ہو چکی ہے اور بیلنس 532 روپے پر واپس آ گیا ہے۔ اس کے بعد بینک اکاؤنٹ کو منجمد کر دیا گیا۔
یہ عجیب و غریب واقعہ صرف پانچ گھنٹوں تک جاری رہا، جس دوران سیف کے اکاؤنٹ میں یہ بھاری رقم موجود رہی، جو بعد میں پراسرار طور پر غائب ہو گئی۔ جب سیف اور ان کے اہلخانہ بینک پہنچے تو بینک نے تصدیق کی کہ رقم غائب ہو چکی ہے اور بیلنس معمول پر آ گیا ہے۔
شمالی بہار گرامین بینک نے اس معاملے کی اندرونی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اتنی بڑی رقم غلطی سے سیف کے اکاؤنٹ میں کیسے کریڈٹ ہوئی اور اس کے پیچھے کون ہو سکتا ہے۔
سائبر ڈی ایس پی سیما دیوی نے بتایا کہ اس طرح کے واقعات، جن میں سائبر فراڈ کے ذریعے فنڈز کی غلط تقسیم ہوتی ہے، عام ہیں۔ شبہ ہے کہ فراڈیوں نے طالبعلم کے اکاؤنٹ کو کسی مقصد کے لیے استعمال کیا ہو گا، جس کے نتیجے میں یہ غلط کریڈٹ ہوا۔
Related Stories
دسمبر 19, 2024