روس نے یوکرین کی جانب سے دار الحکومت ماسکو پر داغے جانے والے دو ڈرونز تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ماسکوکے میئرنے کہا ہے کہ شہر پر ڈرون حملے کیے جارہے ہیں اور روسی ائیر ڈیفنس نے ایک اور حملے کو ناکام بنایا ہے جس میں دو ڈرونز کو گرادیا گیا ہے۔
ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانن نے کہا کہ ماسکو کی طرف فائر کیے جانے والے ایک ڈرون کو جنوبی علاقے کے نواح میں گرایا گیا جب کہ دوسرا ڈرون مغربی علاقے کی طرف فائر کیا گیا جسے کامیابی سے تباہ کردیا گیا ہے۔
میئر ماسکو نے ڈرون حملوں کا الزام کسی پر نہیں لگایا اور انہوں نے کسی ملک کا نام لیے بغیر کہا کہ شہر کی فضا میں دو ڈرونز کو اڑتے دیکھا گیا جس کے بعد ائیر ڈیفنس نے دونوں کو تباہ کردیا تاہم ڈرونز تباہ کیے جانے کے نتیجے میں اس کے ملبے سے متاثر ہونے سے متعلق فوری کوئی اطلاع نہیں ملی البتہ ہماری ایمرجنسی سروسز اس حوالے سے کافی متحرک ہیں۔
یہ بھی پڑھیں
- روس اور یوکرین کی جنگ کے خاتمے کیلئے جدہ میں سمٹ کا آغاز
- روس کا ماسکو پر کیے جانیوالے یوکرین کے ڈرون حملے ناکام بنانے کا دعویٰ
- روس کا یوکرین کی پورٹ پر حملہ، اجناس کے گودام تباہ
دوسری جانب روسی سرکاری ٹی وی کا بھی کہنا ہے کہ بدھ کے روز ماسکو شہر پر دو ڈرون حملے رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری ٹی وی کےمطابق روسی ائیرڈیفنس کا کہنا ہےکہ یہ ڈرون حملے یوکرین کی جانب سے کیے گئے جنہیں ناکام بنادیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ماسکو شہر پر ایک ہفتے کے دوران ڈرون حملے کی کوشش کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔
اس سے قبل روسی حکام نے پیر کے روز کالوگا کے علاقے میں یوکرین کے ڈرونز گرانے کا دعویٰ کیا تھا جس میں روسی ائیر ڈیفنس کا کہنا تھا کہ انہوں نے گزشتہ ہفتے کالوگا میں یوکرین کے 7 ڈرونز تباہ کیے ہیں۔