پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر جے شاہ سے ایشیا کپ کے حوالے سے رابطہ کیا ہے۔
ذکا اشرف نے جے شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا میں مزید بارشوں کا امکان ہے، پاکستان میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، اس لیے میچز پاکستان منتقل کرنے کے بارے میں سوچیں۔
انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ ایک بڑا ٹورنامنٹ ہے، بارش کی وجہ سے اس کو متاثر نہ کیا جائے۔
جے شاہ نے ذکا اشرف کو جواب دیا کہ ہم صورت حال پر غور کر لیتے ہیں۔
دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ایشیا کپ کے میچز کی منتقلی کا فیصلہ اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں کر سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے میچز خراب موسم کے باعث کولمبو سے منتقلی ایشین کرکٹ کونسل کے لیے مشکلات کا باعث بن گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ دمبولا شہر کے ہوٹل سے مطمئن نہیں جب کہ اچھے موسم والے ایک اور سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا کے ہوٹل انتظامات پر براڈ کاسٹرز کو اعتراض ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں ہفتے کے روز پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا، جس کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا تھا۔