بنگلہ دیش میں انتخابات سے قبل حکومت مخالف مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن میں شدت آتی جا رہی ہے، جبکہ پراسیکیوٹرز اور وکیلوں نے کہا ہے کہ گذشتہ دو دنوں میں حزب اختلاف کی پارٹی کے 139 سینیئر عہدیداروں اور کارکنوں کو سزا سنائی گئی ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سزا پانے والوں میں ملک کی مرکزی اپوزیشن بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے متعدد کارکن شامل ہیں، جن کے خلاف احتجاج کے دوران تشدد کرنے، آتش زنی اور پولیس کے کام میں رکاوٹ ڈالنے کے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ انہیں چند ماہ سے لے کر ساڑھے تین سال تک کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔
بنگلہ دیش میں 7 جنوری کو عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں، جس میں وزیراعظم شیخ حسینہ واجد مسلسل چوتھی بار اقتدار میں رہنے پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔ امریکہ اور دیگر ممالک کی جانب سے انتخابات کے آزادانہ اور منصفانہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔